بنگلورو15نومبر(ایس او نیوز) غیر قانونی کانکنی کے بادشاہ وسابق ریاستی وزیر جی ۔ جناردھن ریڈی کو پونزی اسکیم دھوکہ دہی کے معاملہ میں عدالت نے آج ضمانت دیدی ہے ۔ شہر کے چھٹے اڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ وی ۔ جگدیش نے ضمانت کی عرضی قبول کرتے ہوئے ریڈی کو ضمانت دیدی ، ایک پونزی کمپنی امبیڈنٹ سے کروڑوں روپئے رشوت لینے کے الزام میں شہر کی سنٹرل کرائم برانچ نے پرسوں اتوار کے دن ریڈی کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد جب ریڈی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تو ریڈی کو انہیں24نومبر تک عدالتی تحویل میں دیدیا گیا تھا ۔ امبیڈنٹ کمپنی کے مالک سے ساڑھے اٹھارہ کروڑ روپئے رشوت لینے کی خبریں پھیلتے ہی ریڈی تین دن روپوش رہے ۔ اس معاملہ میں پوچھ تاچھ کیلئے سی سی بی نے ریڈی کو طلب کیا تھا ۔ ایک پونزی کمپنی سے کروڑوں روپئے کے لین دین کے معاملہ میں گرفتاری کے ڈر سے ریڈی فرار ہوگئے تھے ۔ اس کے بعد ریڈی نے اپنے وکیل کی موجودگی میں سی سی بی کے روبرو حاضر ہوکر خود سپردگی کی تھی ۔ اپنے گاہکوں کو کروڑوں روپئے کا دھوکہ دینے والی پونزی کمپنی امبیڈنٹ کے مالک فرید سے کروڑوں روپئے کا لین دین کے معاملہ میں ریڈی کو اس کمپنی کے ساتھ جوڑ نے کے بعد پولیس نے یہ اعلان کیا تھا کہ ریڈی فرار ہوگئے ہیں۔اس کے بعد سی سی بی نے ریڈی کی تلاش شروع کردی تاکہ حقیقت کا پتہ لگایا جاسکے ۔ آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ۔ کل منگل کے دن اس معاملہ پر سماعت کے دوران عدالت نے سی سی بی سے دریافت کیا کہ ریڈی کے خلاف کیا کوئی شکایت درج ہے اور کیا ریڈی پر محض ملزم کے دےئے گئے بیان کی بنیاد پر الزامات لگائے گئے ہیں ۔ اس معاملہ پر بحث کرتے ہوئے ریڈی کے وکیل نے عدالت سے یہ سوال کیا تھا کہ اس معاملہ میں جب پانچ ملزموں کو ضمانت دی جاچکی ہے تو کیا ریڈی کو گرفتار کرنا ضروری تھا۔